گلواون
From Wikipedia, the free encyclopedia
گلواون ایٹم کے مرکزے کے اندر ایسے بنیادی ذرات ہوتے ہیں جو قوی تعاملات (strong interaction) کا سبب بنتے ہیں۔ یہ بوزون کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف کوارک کو آپس میں جوڑنے کا کام انجام دیتے ہیں۔ گلو انگریزی میں گوند کو کہتے ہیں جو مختلف چیزوں کو جوڑ دیتا ہے۔ گلواون بھی کوارک کو جوڑ دیتا ہے۔ کوارک کے اس طرح جڑ جانے سے نیوٹرون اور پروٹون وغیرہ وجود میں آتے ہیں۔
فوٹون کی طرح گلواون کی بھی حالت سکون کی کمیت صفر ہوتی ہے، دونوں پر کوئی برقی چارج نہیں ہوتا اور دونوں کا spin نمبر ایک ہوتا ہے۔ لیکن فوٹون کے برعکس گلواون کلر چارج کے حامل ہوتے ہیں۔ فوٹون عام حالت میں آپس میں نہیں چپکتے۔ گلواون کوارک سے بھی چپک سکتے ہیں اور آپس میں بھی۔
جس طرح برقی مقناطیسی (electromagnetic) تعاملات میں فوٹون کا تبادلہ ہوتا ہے اسی طرح ایٹمی مرکزے کے اندر قوی تعاملات میں کوارک کے درمیان گلواون کا تبادلہ ہوتا ہے۔
کل آٹھ طرح کے گلواون ہوتے ہیں۔ ان میں سے چھ گلواون پر دو دو کلر چارج ہوتے ہیں، ایک گلواون پر چار کلر چارج ہوتے ہیں جبکہ آخری گلواون پر چھ کلرچارج ہوتے ہیں۔[1] اس کے برعکس ہر کوارک پر صرف ایک کلر چارج ہوتا ہے۔ Leptons (جیسے الیکٹرون اور نیوٹرینو) پر نہ کوئی کلر چارج ہوتا ہے اور نہ یہ کلر چارج کی اسٹرونگ فورس سے جوڑے جا سکتے ہیں۔