قدیم دنیا کے سات عجائبات عالم
From Wikipedia, the free encyclopedia
زمانۂ قدیم کے 7 عظیم تعمیراتی شاہکاروں کو 7 عجائبات عالم کہا جاتا ہے۔ عجائبات کی یہ فہرست 305 سے 204 قبل مسیح کے دوران ترتیب دی گئی۔ تاہم مذکورہ فہرست زمانے کی دست برد کی نظر ہو گئی۔ ان 7 عجائبات کا ذکر 140 قبل مسیح کی ایک نظم میں بھی ملتا ہے۔
ان 7 عجائبات عالم میں اہرام مصر، بابل کے معلق باغات، معبد آرتمیس، زیوس کا مجسمہ، موسولس کا مزار، روڈس کا مجسمہ اور اسکندریہ کا روشن مینار شامل ہیں۔ ان تمام عمارتوں میں سے صرف اہرام مصر اب تک قائم ہیں۔ جبکہ بابل کے باغات کی تاحال موجودگی ثابت نہیں۔ دیگر 5 عجائبات قدرتی آفات کا شکار ہو کر تباہ ہوئے۔ ارٹیمس کا مندر اور زیوس کا مجسمہ آتش زدگی اور اسکندریہ کا روشن مینار، روڈس کا مجسمہ اور موسولس کا مزار زلزلے کا شکار بنا۔ موسولس کے مزار اور ارٹیمس کے مندر کی چند باقیات آج بھی لندن کے برٹش میوزیم میں موجود ہیں۔
اصل میں مذکورہ یونانی فہرست میں انھیں عجائبات قرار نہیں دیا گیا تھا بلکہ ایسے مقامات قرار دیا گیا ہے جنہیں ضرور دیکھنا چاہیے۔ اصل فہرست جسے ہم قدیم دنیا کے عجائبات کے نام سے جانتے ہیں اصل میں قرون وسطیٰ کی تیار کردہ ہے جب ان میں سے اکثر عمارتیں اپنا وجود کھو بیٹھی تھیں۔
عجوبہ | تاریخِ تعمیر | تعمیر کنندہ | اہم خصوصیات | تباہی کی تاریخ | وجہ تباہی |
---|---|---|---|---|---|
گیزہ کا عظیم ہرم | 2650-2500 قبل مسیح | مصر | یہ اہرام قدیم مصر کے چوتھے خاندان کے فرعون خوفو کے مزار کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا | بدستور قائم | - |
بابل کے معلق باغات | 600 قبل مسیح | بابی لونیا | ہیروڈوٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی بیرونی دیواریں 56 میل طویل، 80 فٹ موٹی اور 320 فٹ بلند تھیں | پہلی صدی قبل مسیح کے بعد | زلزلہ |
معبد آرتمیس | 550 قبل مسیح | لائیڈیا, فارسی, یونانی | یونانی دیومالا کی دیوی آرتمیس کے لیے وقف اس مندر کی تعمیر میں 120 سال کا عرصہ لگا | 356 قبل مسیح | آتش زدگی |
زیوس کا مجسمہ | 435 قبل مسیح | یونانی | ایک مندر کے اوپر تعمیر تھا اور اس کی بلندی 40 فٹ (12 میٹر) تھی | پانچویں اور چھٹی صدی عیسوی | آتش زدگی |
موسولس کا مزار | 351 قبل مسیح | سلوقی سلطنت, یونانی | 45 میٹر (135 فٹ) بلند تھا | 1494 تک | زلزلہ |
روڈس کا مجسمہ | 292-280 قبل مسیح | یونانی | یونانی دیو مالا کے ایک دیوتا ہیلیوس کا عظیم مجسمہ جو نیو یارک شہر میں قائم موجودہ مجسمۂ آزادی جتنا تھا | 224 قبل مسیح | زلزلہ |
اسکندریہ کا روشن مینار | تیسری صدی قبل مسیح | مصر | 115 سے 135 میٹر (383 سے 440 فٹ) کے درمیان کی بلندی کا حامل یہ مینار کئی صدیوں تک زمین کی سب سے بلند ترین عمارت رہی | 1303 سے 1480 | زلزلہ |