مسجد نبوی
مدینہ، سعودی عرب میں تاریخی مسجد / From Wikipedia, the free encyclopedia
مسجد نبوی دنیا کی سب سے بڑی مساجد میں سے ایک ہے اور اسلام کا دوسرا مقدس ترین مقام ہے۔ مکہ مکرمہ میں مسجد حرام مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے جبکہ بیت المقدس میں مسجد اقصی اسلام کا تیسرا مقدس مقام ہے ۔ مسجد نبوی سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں واقع ہے۔ تاریخ میں مسجد نبوی میں کئی بار توسیع کی گئی جن میں خلفائے راشدین، خلافت امویہ، خلافت عباسیہ، سلطنت عثمانیہ اور آخر کار سعودی ریاست کے دور میں توسیع ہوئیں۔ سعودی دور میں اس کی سب سے بڑی توسیع 1994ء میں ہوئی تھی۔ مسجد نبوی جزیرہ نما عرب میں پہلی جگہ ہے جسے 1909ء میں برقی چراغوں کے استعمال سے روشن کیا گیا تھا۔ [1] عمر بن عبدالعزیز کی طرف سے 91 ہجری میں توسیع کے بعد حجرہ نبوی کو مسجد میں شامل کیا گیا[2] (جو اس وقت " پیغمبر کے حجرے" کے نام سے جانا جاتا ہے جو مسجد کے جنوب مشرقی کونے میں واقع ہے) جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، ابوبکر صدیق اور عمر بن خطاب کو دفن کیا گیا تھا،[3] اور اس پر گنبد خضریٰ بنایا گیا تھا، یہ مسجد نبوی کے سب سے نمایاں نشانیوں میں سے ایک ہے۔ مسجد نبوی نے سیاسی اور سماجی زندگی میں ایک اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ ایک سماجی مرکز، عدالت اور مذہبی درسگاہ کے طور پر کام کرتی تھی۔ مسجد نبوی مدینہ منورہ کے مرکز میں واقع ہے، جس کے ارد گرد بہت سے ہوٹل اور پرانے بازار ہیں۔ جو لوگ یہاں حج یا عمرہ کرتے ہیں وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر کی بھی زیارت کرتے ہیں۔
مسجد نبوی | |
---|---|
ٱلْمَسْجِدُ ٱلنَّبَويّ | |
بنیادی معلومات | |
متناسقات | 24.468333°N 39.610833°E / 24.468333; 39.610833 |
مذہبی انتساب | اسلام |
ملک | سعودی عرب |
انتظامیہ | حکومت سعودی عرب |
ویب سائٹ | wmn |
تعمیراتی تفصیلات | |
نوعیتِ تعمیر | مسجد |
طرز تعمیر | کلاسیکی اور معاصر اسلامی طرز تعمیر؛ عثمانی طرز تعمیر؛ اسلامی طرز تعمیر |
تاریخ تاسیس | 18 ربیع الاول 1 ہجری ، 622 عیسوی |
تفصیلات | |
گنجائش | 600,000 (حج کے دوران 1,000,000 تک اضافہ) |
گنبد | سبز گنبد (مرکزی گنبد)، 170 سیسہ گنبد، 27 گول گنبد |
گنبد کی اونچائی (خارجی) | سبز گنبد: 8.88 میٹر منقولہ گنبد: 3.55 میٹر |
مینار | 10 |
مینار کی بلندی | 105 میٹر (344 فٹ) |